نور الہدیٰ مرکز تحقیقات (نمت)

“نور الہدیٰ مرکز تحقیقات” (NMT) کا نصب العین (Vision) “ مملکتِ خداداد پاکستان میں اسلامی تہذیب کی حاکمیّت ہے۔” لہذا “ اسلامی تہذیب کی حاکمیّت کے قیام کےلئے اسلام کی حقیقی تعلیمات کی ترویج اور پاکستانی قوم میں دینی آگہی کا فروغ ”، “نَمت” کا مشن (Mission)ہے۔ “نمت” کی فعالیت محض تعلیمی اور تحقیقی میدان میں محدود ہے اور یہ ادارہ اپنے اہداف کے حصول کےلئے اتحادِ امّت، بین المسالک ہماہنگی، تعمیری تنقید ، درک ِمتقابل اور تضاربِِ آراء کا قائل ہے اور ہر اُس تحقیقی کاوش کو اپنے دامنِ نشر و اشاعت میں جگہ دینے کا عہد کیے ہے جو اِس کے مشن سے ہم آہنگ ہو۔

“نمت” کے تحقیقی منہجِ میں اسلامی تعلیمات کے اخذ و استخراج کےلئے قرآن کریم اور سنّت نبوی ، اساسی منابع ہیں۔ لیکن یہ سنّت نبوی کے اُس طریق پر اعتماد کرتا ہے جو أئمہ اہل بیت اطہارعلیہم السلام کا طریق ہے۔ نیز ان منابع سے اسلامی تعلیمات کے اخذ و استخراج میں “نمت” اُس روش کا علمبردار ہے جو عقلی برہان، منطقی قیاس اور اجتہادی تتبّع اورتفحّص سے عبارت ہے۔ اب تک یہ ادارہ مختلف موضوعات پر 13 کتابیں اور سہ ماہی مجلہ “نور معرفت” کے 37 شمارے پیش کر چکا ہے۔تاہم اسے اپنے مشن کو جاری رکھنے کےلئے دانشوروں، علماء اور اہلِ قلم کے قلمی اور فکری تعاون کے ساتھ، علم دوست احباب کا مالی تعاون بھی درکار ہے۔

نصب العین

اسلام کی حقیقی تعلیمات کی ترویج کے ذریعے پاکستانی قوم کو فکری پسماندگی سے نجات دلا کر اسلامی تہذیب کی تشکیل کی ٹھوس فکری بنیادیں فراہم کرنا “نمت” کا نصب العین ہے۔

مشن

اسلام کی حقیقی تعلیمات کی ترویج کے ذریعے پاکستانی قوم میں دینی آگہی کا فروغ اور قومی شعور بیدار کرنا “نمت” کا مشن ہے۔